پی ایف ایف کے معاملات میں مداخلت کے سیاہ دور کا خاتمہ ہو گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے قانونی سر براہ سید فیصل صالح حیات، سینئر نائب صدر شاہ اور سیکر ٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار لودھی نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پی ایف ایف تیس جون 2015ء کو ہونے والے الیکشن کو قانونی تسلیم کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے حق اور سچ کی فتح قرار دیا ہے۔ پی ایف ایف عہدیداران کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلہ کے بعد حکومتی سطح پر پی ایف ایف کے معاملات میں مداخلت کے سیاہ دور کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ حکومت ہی کے غلط فیصلوں سے پاکستان فٹبال پر عالمی سطح پر پابندیاں لگیں جس سے پاکستان کے فٹبال پلئیرز ہی نہیں فٹبال سے وابستہ ہر شخص کا نقصان ہوا،اور ملک کی بدنامی ہوئی۔ انکا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کی روشنی میں فیڈریشن کے معاملات کلئیر ہونے کے بعد انکی پہلے کو شش ہوگی کہ فیفا سے رابطہ کر کے جلد از جلد پاکستان فٹبال پر عائد پابندیوں کو ہٹوایا جائے اور ملک میں ایک بار پھر فٹبال کی بحالی اور اسکے فروغ پر کام کا آغاز کیا جائے۔