ڈیڈ لاک ختم‘ ویسٹ انڈیز اپریل میں ٹیم پاکستان بھجوانے پر رضامند
لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین نجم سیٹھی اور ویسٹ انڈیز بورڈ کے سربراہ ڈیوڈ کیمرون کے درمیان تازہ رابطے کے بعد پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز میں ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ملنے والی نئی تجویز کے بعد اب اس بات کا دعوی کیا جارہا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی 20 انٹر نیشنل اب نئی تاریخوں میں اپریل میں ہوں گے اور لاہور میں تین میچ کھیلنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی آئی پی ایل کیلئے بھارت روانہ ہوں گے ۔،اس سے قبل یہ تین میچ 29،31مارچ اور یکم اپریل کو کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ سیریز کے بارے میں ہمیں بھی خدشات تھے لیکن اب نئی تجویز ملی ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم لاہور میں یکم، دو اور چار اپریل کو میچز کھیلے گی۔کھلاڑی لاہور میں چار دن قیام کریں گے۔ ہم نے اس بارے میں ویسٹ انڈین بورڈ کو جواب دینا ہے اس لئے سیریز کی منسوخی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز کی تیاریوں کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد دبئی سے لاہور چلے گئے ہیں۔پاکستان سپر لیگ فائنل کے بعد پاکستانی کرکٹرز 27 مارچ کو مختصر کیمپ کیلئے لاہور میں جمع ہوں گے۔نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے ہماری کوششیں درست سمت میں جارہی ہیں۔ ویسٹ انڈین بورڈ کو پاکستان کی جانب سے جواب ملنے کے بعد دورے کی تصدیق کرنا ہے ۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی ایس یل کے بعد ہماری ٹیم فارغ ہے اس لئے ہمیں تاریخوں پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اگست میں امریکا میں ہونے والا تین ملکی ٹورنامنٹ بھی ہونا ہے جس کا میزبان ویسٹ انڈین بورڈ ہوگا۔پاکستان، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے اس تین ملکی ٹورنامنٹ کے میچ ہیوسٹن اور فلوریڈا میں کرانے کی تجویز ہے ۔ تین میچ ہیوسٹن میں ایک ویک اینڈ پر ہوں گے۔ اگلے ویک اینڈ پر فلوریڈا میں فائنل سمیت چار میچ ہوں گے۔