قائمہ کمیٹی پی ایس ایل کی آڈٹ رپورٹس منظر عام پر نہ لانے پر برہم
اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے دونوں ایڈیشن کی آڈٹ رپورٹس منظر عام پر نہ لانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں پاکستان کر کٹ بورڈسے آڈٹ رپورٹس پر بریفنگ طلب کر لی۔کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل میں من پسند افسران کو ڈبل ڈبل تنخواہوں سے نوازا،پورا کرکٹ بورڈ دبئی بیٹھا ہوا ہے، پی سی بی جان بوجھ کر آڈٹ رپورٹس سامنے نہیں لارہا،کمیٹی تحقیقات کیلئے نیب اور ایف آئی اے کو خطوط لکھے۔منگل کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عبدالقہار ودان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا،اجلاس میں کمیٹی ارکان ،وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ ،سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں کمیٹی ارکان نے پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشنز کی آڈٹ رپورٹ منظر عام لانے کا مطالبہ کیا۔رکن کمیٹی اقبال محمد علی نے کہا کہپی سی بی جان بوجھ کر آڈٹ رپورٹس سامنے نہیں لارہا ،پی ایس ایل کے معاملے پر وزیر اعظم،نیب،ایف آئی اے کو خطوط لکھے،پی ایس ایل میں من پسند افسران کو ڈبل ڈبل تنخواہوں سے نوازا گیا ،پورا کرکٹ بورڈ دبئی پی ایس ایل بیٹھا ہوا ہے۔کمیٹی رکن سردار شفقت حیات نے کہا کہپی سی بی اپنی آڈٹ رپورٹس سامنے لائیں ،کرکٹ بورڈ پر کوئی مصیبت آتی ہے تو وزارت بچانے کیلئے آگے آتی ہے،پاکستان کا جھنڈا لہرانے کی اجازت نہ دئے تو سب سیدھے ہو جائیں ۔وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ کرکٹ بورڈ پہلے وزارت کو بھی جواب نہیں دیتا تھا،پی سی بی کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے سیکرٹری آئی پی سی کو گورننگ بورڈ میں شامل کروایا،پی ایس ایل پر تو وزارت کو پوچھا بھی نہیں۔کمیٹی نے اجلاس میںپی ایس ایل کی آڈٹ رپورٹس پر کرکٹ بورڈ سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ۔چیئرمین کمیٹی عبدالقہار ودان نے کہا کہ نجم سیٹھی سے کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز میں بریفنگ لینگے ۔