زرعی تحقیقاتی مرکز میں قائمہ کمیٹی برائے تحفظ خوراک و تحقیق کا اجلاس
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ )قائمہ کمیٹی برائے تحفظِ خوراک وتحقیق کا 43 واں اجلاس قومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں منعقد ہوا۔صدارت ملک شاکر بشیر اعوان، چئیرمین قائمہ کمیٹی نے کی۔ اس اجلاس میں پچھلے سال کے طریقہ کار و ضوابط پر روشنی ڈالی گئی اور کمیٹی کی سفارشات پر اُٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں قومی تحفظ خوراک اور جانوروں اور پودوں کی صحت کے حوالے سے بنائے جانے والے اتھارٹی بل 2017 کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسکے علاوہ وزارت خوراک کی جانب سے پی ایس ڈی پی پراجیکٹ کے لیے بجٹ کی سفارشات 2018-19 کا بھی بغور جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ پی اے آر سی ملک میں خوراک کے تحفظ اور نئی اقسام کی فصلات کے تیاری میں مصروف ِ عمل ہے اور زرعی تحقیق کے نتائج کو کسان کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ملک میں زراعت کے شعبے کی ترقی اس بات کی گواہ ہے کہ ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہو رہا ہے۔کیپٹن (ر)صفدر ،ممبر کمیٹی نے کہا کہ حکومت پاکستان زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے پُر عزم ہے اور کسانوں کی ترقی اور خوشحالی میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے گی۔چئیرمین پی اے آر سی، ڈاکٹر یوسف ظفر، تمغہ امتیاز نے کہا کہ پی اے آر سی صوبوں کی مشاورت اور بین الاقوامی معاونت سے زراعت کے شعبہ کی ترقی کے لیے ہر لمحہ کوشاں ہے ۔کئی نئے منصوبہ جات شروع کیے جا چکے ہیں جن کی افادیت میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اٖضافہ ہو رہا ہے۔