گراں فروشی میں ملوث 4 دکاندار گرفتار‘ مقدمات درج
لاہور (کامرس رپورٹر) عوام کی شکایات پر چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے ہربنس پورہ کی اوپن مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے وارننگ کے باوجود گراں فروشی میں ملوث 4 دکانداروں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا کے گرفتار جبکہ4کو بھاری جرمانے کئے گئے ،10دکانداروں کو وارننگ نوٹسز کا اجراء بھی کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہربنس پورہ کے مختلف مقامات سے دکانداروں کی جانب سے گراں فروشی کی شکایات موصول ہو رہی تھیںجس پر چیئرمین پی سی سی میاں عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے میں ڈیپارٹمنٹل ، جنرل سٹورز،سبزیوں، پھلوں، گوشت ، دودھ اور دہی کی دکانوں پر جا کر اشیاء کے معیار اور سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کا جائزہ لیا ۔ انتظامیہ کے لوگوں نے گراں فروشی میں ملوث دکانداروں سے پہلے صارف کے روپ میں خریداری کی اور شکایات درست ثابت ہونے پر 4 کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا کے موقع سے ہی گرفتار کرا دیا جبکہ 4کو بھاری جرمانے کئے گئے جبکہ 10کو آئندہ کیلئے وارننگ نوٹسز کااجراء کیا گیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے بتایا کہ جن دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے انہیں اس سے قبل دو مرتبہ وارننگ جاری کی گئی تھی اور اب صارفین کی شکایات پر انہیں دوبارہ چیک کیا گیا اور شکایات درست ثابت ہونے پر ان کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ کسی دکاندار کی گرفتاری عمل میں آئے اور نہ انہیں جرمانے کئے جائیں اس لئے انہیں پہلے مرحلے میں سخت وارننگ جاری کی جاتی ہے تاہم اس کے باوجود باز نہ آنے والے دکانداروں کے خلاف ایکشن لینا مجبوری ہوتا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی بلا تفریق جاری رہے گا۔