سماجی خدمت کے شعبہ میں کاروباری اداروں کا کردار اہم ہے: وزیر تجارت
لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ سماجی خدمت کے شعبہ میں نجی شعبہ کا کردار بہت اہم ہے، یہ اطمینان بخش ہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جیسے بڑے کاروباری ادارے ایک قدم آگے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پبلک ویلفیئر ہمیشہ حکومتوں کے لیے بڑا چیلنج ہوتا ہے جس سے وہ تنہا نہیں نمٹ سکتیں، یہ بات بڑی اطمینان بخش ہے کہ لاہور کی تاجر برادری سوشل سیکٹر میں بھی پوری طرح فعال اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کام کررہی ہے۔ پرویز ملک، جو لبارڈ کے صدر بھی ہیں، نے لاہور چیمبر کے ممبران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ ہو، سیلاب یا پھر خصوصی افراد کی بحالی، انہوں نے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صنعت و تجارت کے ساتھ سماجی شعبے میں بھی بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہے۔