ایس ای سی پی کے اصلاحاتی ایجنڈا پر مشاورتی کانفرنسز
لاہور (کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے ورلڈ بینک کے کاروبار میں آسانیوں سے متعلق اشاریوں میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔اس ضمن میں ایس ای سی پی کے اصلاحاتی ایجنڈا پر مشاورتی کانفرنس منعقد کیں۔ ایس ای سی پی کے لاہور اور کراچی کے دفاتر میں ہونے والی ان کانفرنسوں میں شراکت داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ان کانفرنسوں میں کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں سے کمپنی کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات بارے رائے حاصل کی گئی۔ اور نئی کمپنی کی رجسٹریشن کو مزید سہل بنانے کے حوالے سے مزید اقدامات پر مشاورت بھی کی گئی۔ شرکاء کو ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے اور کم وقت میں مکمل کرنے اور فیسوں میں کی گئی کمی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا ہے ای سروسز کے ذریعے کمپنی کی رجسٹریشن کے لئے صرف ایک ہی درخواست دائر کرنا ہو گی اور ایک ہی درخواست کے ذریعے کمپنی کا نام اور کمپنی کی رجسٹریشن مکمل کی جا سکے گی جبکہ آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے فائلنگ فیس میں پچھتر فیصد کمی کر دی گئی ہے جبکہ دستاویزات کمل ہونے کی صورت میں صرف چار گھنٹوں میں کمپنی رجسٹر کروائی جا سکتی ہے۔ کانفرنس کے شرکا نے ملک میں کاروبار کے لئے سازگار ماحول سراہم کرنے کے لئے ایس ای سی پی کے اقدامات کو سراہا۔