کراچی:پولیس کی عدم موجودگی‘سڑکوں پر فائرنگ کرتے ہوئے 2نوجوانوں کی ایک اور ویڈیو وائرل‘ عدنان پاشا گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر+آن لائن )کراچی میں رات کو سڑکوں پر پولیس کی رٹ ختم ہو گئی، دو نوجوانوں کی فائرنگ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔تفصیلات کے مطابق، کراچی پولیس نے رات کے وقت سڑکوں پر گشت ختم کر دیا جس کا فائدہ نوجوان اٹھا کر قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ گزشتہ رات پھر شارع فیصل پر دو بگڑے نوجوانوں نے پولیس کو چیلنج کیا۔ عمیر اور طلحہ نامی نوجوان ہوائی فائرنگ کرتے رہے اور ویڈیوز بھی اپنے انسٹاگرام اکاو¿نٹ پر اپ لوڈ کی۔ ایک ویڈیو میں گاڑی کی سیٹ پر نوٹوں کی گڈیاں بھی موجود تھیں۔ نوجوانوں نے انتہائی حساس علاقے پرنٹنگ پریس کے سامنے بھی فائرنگ کی۔شارع فیصل پر گزشتہ ہفتے کی شب ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم عدنان پاشا گلستان جوہر سے گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی سمیع اللہ کے مطابق ملزم کو ذیشان سعید کو دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عدنان پاشا کے خلاف مقدمہ ذیشان سعیدکی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں درج کیا گیا۔