بیرسٹر سلطان سے ملاقات‘ وفاق نے کشمیر کونسل ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا: فاروق حیدر
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے دفتر میں سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات آزاد کشمیر میں آئینی ترامیم اور کشمیر کونسل کو ختم کر کے اس کے تمام اختیارات حکومت آزاد کشمیراور قانون ساز اسمبلی کو منتقل کرنے پر تفصیلاً تبادلہ خیال کیا۔ راجہ فاروق حیدر نے کشمیر کونسل کو ختم کرنے پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کشمیر کونسل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی منظوری وفاقی کابینہ دے گی اور کابینہ کی منظوری کے بعد مشترکہ سیشن میں آئینی ترمیم منظور کر لی جائے گی، انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ الیکشن کمشنر بلدیات کی تقرری کی بجائے بلدیاتی الیکشن چیف الیکشن کمشنر کی نگرانی میںکرائے جائیں گے۔ بیرسٹر سلطان محمود نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرین سرحدی فائرنگ کے مسائل حل کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ حکومت نے سرحد پر فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے ورثاء کی امدای رقوم میں اضافہ کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی دفتر واقع گلبرگ اسلام آباد میں ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار امتیاز خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے پرنسپل سیکرٹری احسان کیانی بھی موجود تھے۔