گلگت بلتستان میں جنگلات کی کٹائی‘ اسماعیل ظفر اور دیگر کیخلاف نیب ریفرنس کا فیصلہ
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) قومی احتساب بیورو نیب راولپنڈی کے ریجنل بورڈ اجلاس میں گلگت بلتسان میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور ٹرانسپورٹیشن میں ملوث سابق کنزرویٹر اسماعیل ظفر و دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے جبکہ سابق ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر استور سلیم اللہ خان و دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی ہے۔ نیب راولپنڈی بیورو کے ریجنل بورڈ کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی زیر صدارت نیب راولپنڈی کے دفتر میں ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹبیلیٹی ڈائریکٹر گلگت بلتستان نعمان اسلم، ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ریجنل بورڈ نے سابق کنزرویٹر محکمہ جنگلات اسماعیل ظفر ، سابق ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر سلیم اللہ خان اور سابق ریجنل فاریسٹ آفیسر قدر دان کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر ٹمبر پالیسی 2013ء کے دوران میخلے فاریسٹ اور مینار فاریسٹ سے جنگلات کی غیرقانونی کٹائی اور ٹرانسپورٹیشن کا الزام ہے۔ اجلاس میں سابق ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر استور سلیم اللہ خان، سابق سپرنٹنڈنٹ فرید اللہ خان اور محمد اقبال کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منطوری دی۔ فیملی پلاننگ اور پرائمری ہیلتھ کیئر میں قومی پروگرام میں غیرقانونی بھرتیوں کے معاملے پر بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ سابق سیکرٹری ہیلتھ صوبائی کوآرڈینیٹر اور ڈائریکٹر ہیلتھ کی جانب سے جعلی دستاویزات پر قواعد وضوابط کے خلاف اعلیٰ پوسٹوں پر نچلے گریڈ کے افسران تعینات کئے گئے۔ ریجنل بورڈ کااجلاس گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں جونیئر میڈیکل ٹیکنیشن کی غیر قانونی بھرتیوں کے متعلق محکمہ صحت گلگت بلتستان کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہاکہ نیب راولپنڈی چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایات کے مطابق پراسکیوشن اور قانون پر مؤثر عملدرآمد اور لوگوں کو بد عنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ احتساب کے لئے اصول پر عمل کرتے ہوئے بد عنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔