شام کو تباہ کن جنگ کا میدان بنانا امت کے لئے المیہ ہے: اشرف آصف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مفتی محمد عابد جلالی،پیر سید خرم ریاض شاہ رضوی،پیرمحمد شفیق کیلانی،علامہ محمد عبد الرشید اویسی،پیر محمد امین اللہ نبیل سیالوی کے ہمراہ شام میں نَہتے شہریوں پر روس اور ایران کے تعاون سے بشارُ الاسد کی طرف سے کی جانے والی ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناحق خون ریزی جہاں بھی ہو قابل مذمت ہے مگر اپنے اپنے مفادات کی خاطر روس اور امریکہ کا ابدالوں کی سرزمین ملک شام کو نہایت ہی تباہ کن جنگ کا میدان بنانا امت مسلمہ کے لئے بہت بڑا المیہ ہے ، حدیث کے مطابق رسول اللہﷺنے جب شام کی فتح کی خبر دی تھی تو فرمایا تھا اس کے علاقوں میں سے ایک علاقہ ہے جس کو غوطہ کہا جاتا ہے جنگوں کے زمانے میںوہ مسلمانوں کے لئے مقام خیر وبرکت ہو گا ،عین اس ٹائم جب غوطہ پر آگ برسائی جا رہی تھی تو سعودی عرب میں میوزک فیسٹول شومنایا جا رہا تھا اور عرب جوڑے کی داستان محبت سنائی جا رہی تھی۔ہمارا مطالبہ ہے کہ بشار الاسد جو لاکھوں مسلمانوں کو شہید کرنے والا جنگی مجرم ہے اسے گرفتار کر کے کیس چلایا جائے ۔