طب کے میدان میں جدید تحقیق پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی: ارشد بھٹی
لاہور ( کامرس رپورٹر) پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے سالانہ سائنٹیفک سمپوزیم کے لاہور جنرل ہسپتال میں منعقدہ اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سابق وفاقی سیکرٹری ارشد بھٹی نے کہا ہے کہ طب کے میدان میں جدید تحقیق پر توجہ مرکوز رکھنا ہمیشہ وقت کا اہم ترین تقاضا رہا ہے اور وہی ملک ترقی کرتے ہیں جو ریسرچ کو اپنا شعار بنانے میں آگے ہوتے ہیں۔ اس لئے پاکستان میں بھی ریسرچ کے کلچر کو فروغ ملنا چاہئے۔ گیسٹ آف آنر جنرل (ر) ضیاء الدین بٹ نے کہا کہ قابل اور اہل ڈاکٹرز اندرون اور بیرون ملک پاکستان کی پہچان اور ملک کے سفیر ہوتے ہیں۔ میڈیکل کے شعبہ میں علمی و تحقیقی سرگرموں کو فروغ دینے اور مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری لانے کیلئے سائنٹیفک سمپوزیم کا باقاعدگی سے انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ اساتذہ کی تحقیق کے میدان میں نمایاں کارکردگی اور کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے سے ہی پی جی ایم آئی و امیرالدین میڈیکل کالج کی رینکنگ میں اضافے کا باعث ہوگا۔ انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ماڈرن طریقے اختیار کریں اور بیماریوں کا سائنسی انداز میں قلع قمع کرنے کی کوشش کریں۔