بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت
مکرمی! حکومت صحت پر بھرپور توجہ دینے کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ تھانہ نارنگ منڈی کی نو یونین کونسلوں کے بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ ڈسپنسریوں میں عرصہ تین ماہ سے ادویات ختم ہو چکی ہیں۔ دن بھر ان طبی مراکز پر عملہ صحت مریضوں کو ادویات لکھ کر بازار سے خریدنے پر مجبور کرتا ہے اور اس صورتحال سے پریشان مریض اب عطائیوں کے ہاتھوں علاج معالجہ کروانے پر مجبور ہیں۔ طرفہ تماشہ یہ ہے کہ نارنگ منڈی کے رورل ہیلتھ سنٹر میں بھی ادویات کا سٹاک ختم ہو چکا ہے اور سرنج تک بازار سے منگوانا پڑتی ہے۔ بعض غریب خاندانوں کے مریض مہنگی ادویات خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے اور عطائیوں کے پاس جانے پر مجبور ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف صحت پر توجہ دے رہے ہیں لیکن بیوروکریسی انکے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ حالیہ صحت میلہ ہر جگہ منعقد ہوا، عوام نے اسے بہت سراہا ہے۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب سے التماس کرتے ہیں کہ وہ تحصیل مریدکے کی ڈسپنسریوں اور بنیادی مراکز صحت میں ادویات کے سٹاک کے خاتمہ کا نوٹس لیں اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ انسانی جان بچانے والی ادویات طبی مراکز میں وافر مقدار میں موجود ہوں۔ (قمر گولاٹی۔ نارنگ منڈی)