بجلی کنکشن کے حصول کیلئے نیا طریقہ کار 15 مارچ سے لاگو کیا جائے: اویس لغاری
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں خراب میٹرز کی تبدیلی اور نئے کنکشن کی تنصیب کے زیر التوا معاملات کو 31 مارچ تک ہر صورت میں حل کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کے بجلی کے نئے کنکشن کیلئے نئے طریقہ کار کو 15مارچ سے لاگو کیا جائے تاکہ کنکشن کیلئے جدید ٹریکنگ سسٹم کی ایپلیکیشن کی مدد سے صارفین کو سہولیات فراہم کی جاسکیں اور انکا وقت بچایا جائے۔وہ گذشتہ روز پاور ڈویژن میں بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری پاور ڈویژن سمیت تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ایم ڈی پیپکو اور پاور ڈویژن کے کے متعلقہ حکام موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کے بجلی کے نئے کنکشن کی تنصیب کی درخواستوں کو کم وقت میں نمٹانے کیلئے نئی ایپلیکیشن کے ذریعے پرانے طریقہ کار کی نسبت دو سے چار مہینے کم وقت درکار ہوگا۔ جبکہ آن لائن سہولت کے ذریعے بجلی کنکشن کی درخواستوں کا سٹیٹس جاننے کیلئے صارفین کو رسائی حا صل ہوگی۔ وفاقی وزیر نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو مزید ہدایت کی کہ مالی معاملات میں بہتری لانے کیلئے تجربہ کارمالیاتی منیجرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔دریں اثناء وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے قابل تجدید توانائی کا فروغ واحد حل ہے، قومی توانائی پالیسی اور نیشنل الیکٹری سٹی پلان کی تیاری میں تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں سے مشاورت کا عمل شروع کیا ہے، انہوںنے کہا توانائی پالیسی اور الیکٹری سٹی پلان مین پاور سیکٹر اور سروس پرووائیڈر کی تجاویز پر غور کا بھی فیصلہ کیا ہے اور جنرل الیکٹرک سے کہا ہے کہ وہ قومی توانائی پالیسی اور نیشنل الیکٹری سٹی پلان کا حصہ بنیں تاکہ ان کی تجاویز کو شامل کیا جا سکے، اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا امریکہ پاکستان مین قابل تجدید توانائی ادارے کے قیام میں مدد دے گا، جلد امریکی سفارت خانے مین فوکل پرسن تعینات کر یں گے جو توانائی تعاون کیلئے پاور ڈویژن میں اپنے ہم منصب سے مسلسل رابطہ رکھے گا۔