قائمہ کمیٹی مذہبی امور نے وزارت سے مجاملہ ویزوں کی تفصیلات طلب کرلیں
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے وزارت سے مجاملہ ویزوں کی تفصیلات طلب کرلیں،500مجاملہ ویزے لینے والوں سے 2لاکھ80ہزار روپے فی کس لینے کا الزام ہے۔ جبکہ، وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی سفیر نے وزیر مذہبی امور کو 5ہزار کا حج کوٹہ عین وقت پر دیا، وفاقی وزیر کی خواہش پر 500ویزوں کو مجاملہ ویزے میں تبدیل کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی علی محمد خان نے وزارت مذہبی امور سے مجاملہ ویزوں کی تفصیل طلب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے اجلاس میں مجاملہ ویزوں پر جانے والے حاجیوں کی تفصیلات سے کمیٹی کو آگاہ کیا جائے، جس پر سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ مجاملہ ویزوں سے وزارت کا براہ راست کوئی تعلق نہیں، مجاملہ ویزوں کا پراسس کمپیوٹرائزڈ طریقہ سے ہوا اور اس کی تفصیلات موجود ہیں، گزشتہ سال 478حاجیوں کو مجاملہ ویزے جاری ہوئے جنہیں مکتب نمبر 59میں ٹھہرایا گیا۔ چیئرمین کمیٹی علی محمد خان نے کہا کہ 500مجاملہ ویزے لینے والوں سے فی کس 2لاکھ80ہزار روپے وصول کرنے کا الزام ہے، ڈی جی حج ساجد یوسفانی نے کہا کہ ہم نے ایک پیسہ نہیں لیا نہ مجاملہ والوں پر وزارت نے کوئی خرچ کیا۔ وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے کہا کہ اگر ڈی جی حج کا بیان غلط ریکارڈ ہو تو اس کا سدباب ہونا چاہیے، ہم نے ایک سینیٹر کو سہولت دی تو ہم پر مجاملہ والوں کو سہولیات دینے کا الزام لگا، وزارت نے وی آئی پی فلائٹس کا بھی خاتمہ کر دیا، پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز بہت چالاک ہیں۔