سی پیک پورے خطے کیلئے ترقی کے مواقع لایا ہے‘ جنرل (ر) ظہیر الاسلام
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹریٹیجک سٹڈیز کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظہیر الاسلام نے کہا ہے کہ خطے میں امن اور استحکام کے لئے ایس سی او کا کردار بڑھ گیا ہے۔گوادر بندرگاہ سے تجارت بڑھنے سے خطے میں خوشحالی آئے گی'سی پیک پورے خطے کے لئے ترقی کے مواقع لایا ہے'افغانستان میں امن اور استحکام آنے سے حالات بہتر ہوں گے' افغانستان میں شدت پسندی ' منشیات کے خاتمے اور دیر پا امن کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔منگل کو سنٹرفار گلوبل اینڈ سٹریٹیجک سٹڈیز کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) ظہیر الاسلام نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ترقی اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کی داستانوں سے بھری پڑی ہے۔ علاقائی اور عالمی امور میں بھی ایس سی او کی اہمیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ انسداد دہشت گردی اور بہتر سکیورٹی کی ضرورت آج بہت زیادہ ہے۔ پاکستان کی تنظیم میں شمولیت سے علاقائی تعاون کے مواقع بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ' جنوبی اور مشرقی ایشیا اور مشرق بعید کے لئے مرکزی راستہ ہے۔