اگلے پانچ برس میں بجلی کے نرخ میں نمایاں کمی ہوگی‘ رانا افضل
کراچی(کامرس رپورٹر)وزیرمملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ ملک میں ریونیو وصولی میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، اگلے پانچ برس میں بجلی کے نرخ میں نمایاں کمی ہوگی، پاکستان کی برآمدات میں ویلیوایڈڈسیکٹر میں اپیرل کا شعبہ کا برآمدات میں نمایاں حصہ ہے جس کے ساتھ حکومتی تعاون کی انتہائی ضرورت ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اثاثے ظاہر کرنے سے متعلق ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو مارچ کے وسط میں متعارف کردیا جائے گا، ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کے واجب الادا160 ارب روپے کے ریفنڈز میں سے ایک بڑا حصہ عنقریب ادا کردیا جائے گا،یہ بات انہوں نے منگل کی سہ پہر پی ایچ ایم اے ہائوس میں ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کے نمائندوں پر مشتمل اجلاس سے خطاب کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں دو سال کی توسیع برآمدات کے لیے ایک خوشخبری ہے جس میں وزارت تجارت نے اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں حکومت ٹیکس سلیب 4 لاکھ روپے سے بڑھاکر8 لاکھ روپے کرنے اورٹیکسوں کی شرح کم کرکے20 فیصد تک لانے پر غورکررہی ہے جس سے ریونیو کی کمی کونئے ٹیکس دھندگان کی تعداد بڑھاکر پورا کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے لیے جون تک3 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جس کے لیے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں بانڈز فروخت کیے جائیں گے، حکومت نے قرضوں کی مارکیٹ مہنگی ہونے کے باعث بانڈزکی فروخت کا عمل روک دیا تھا جسے مارکیٹ بہتر ہونے سے دوبارہ شروع کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے باعث انرجی مکس میں بجلی کی لاگت میں کمی آرہی ہے اور اگلے پانچ سال میں بجلی کے نرخ میں 5 سینٹ فی یونٹ کے حساب سے کمی ہوگی جس سے برآمدی لاگت میں برآمدکنندگان کو ریلیف ملے گا۔
رانا افضل