کراچی کو 65 ملین گیلن یو میہ اضا فی پانی کی فراہمی کیلئے معاہدے پر دستخط
کراچی ( اسٹاف رپو رٹر) کراچی کو 65ملین گیلن یومیہ اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کیلئے کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ اور نیشنل لاجسٹک سیل کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں ،آج(بدھ) سے باقاعدہ تعمیری کام کا آغاز کردیا جائے گا، معاہدے کے تحت این ایل سی کراچی کے شہریوں کو 65 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کیلئے کینجھر گجو کینال سے گھارو تک 21 کلو میٹر طویل کینال اورکنڈیوٹ تعمیر کرے گی جبکہ ہالیجی جھیل کی بحالی کیلئے بھی کام کیا جائے گا منصوبہ کی تکمیل سے کراچی میں فراہمی آب کی صورتحال بہتر ہوگی ایم ڈی واٹربورڈ کا تقریب سے خطاب ،تفصیلات کے مطابق منگل کو ایم ڈی سیکریٹریٹ میں واٹربورڈ اور نیشنل لاجسٹک سیل کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کی سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی،تقریب میں کراچی کو یومیہ 65ملین گیلن پانی کی فراہمی کے منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے معاہدے پر دستخط ہوئے، واٹربورڈ کی جانب سے پروجیکٹ ڈائریکٹر 65ایم جی ڈی پروجیکٹ ظفر پلیجو جبکہ این ایل سی کے بریگیڈیر توقیر افسر نے دستخط کئے،اس موقع پر ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی ، ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ،ڈی ایم ڈی ریونیو محمد اسلم خان ، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر فنانس و ایچ آرڈی اینڈ اے معراج الدین ،ڈی ایم ڈی پلاننگ سلیم احمد ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس تھری نور احمد سموں ،پروجیکٹ ڈارئریکٹر کے فور ، اسد ضامن پروجیکٹ منیجر 65 ایم جی ڈی آصف علی خان اور واٹربورڈ کے دیگر حکام سمیت این ایل سی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، دو ارب روپے لاگت کے معاہدے کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں نیشنل لاجسٹک سیل کینجھر گجو کینال سے گھارو تک 16 کلو میٹر طویل کینال اور 5 کلو میٹر طویل آر سی سی کنڈیوٹ تعمیر کرے گی ، معاہدے کے مطابق ہالیجی سے متبادل ذرائع کے طور پر بھی پانی حاصل کیا جائے گا ،اس مقصد کیلئے ہالیجی کی بحالی و صفائی بھی نیشنل لاجسٹک سیل کے ذمہ ہوگی ، اس منصوبہ پر آج سے کام کا آغاز کیا جارہا ہے ،منصوبہ کی تکمیلی مدت 18 ماہ ہے ۔
پانی معاہدہ