چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ قاف کے بلامقابلہ صدراورمشاہد حسین سید بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ہیں۔
صدر اور سیکرٹری جنرل کا انتخاب اسلام آباد میں قاف لیگ کی جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین کو چوتھی بار بلا مقابلہ صدر جبکہ مشاہد حسین سید کو سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا۔سیینٹر کامل علی آغا کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق دونوں کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے تھے۔انتخابات کے دوران چیف الیکشن کمشنر کے فرائض کامل علی آغا نے ادا کئے۔نتائج کے اعلان کے بعد خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ جماعتی انتخابات مکمل ہونے کے بعد اب مسلم لیگ قاف کی توجہ جنرل الیکشن پر ہے اور وہ مخالفین کو حیران کن نتائج دے گی۔اس موقع پر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ملک کی منظم ترین سیاسی جماعت ہے،تقریب کے آخر میں چوہدری شجاعت حسین نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ قاف لیگ کو انڈر اسٹیمیٹ کررہے ہیں لیکن ہم ہر حلقے میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔