حکومتی دعوﺅں کے باوجود ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ، روزمرہ کی اشیاء مہنگی

Dec 28, 2024 | 13:58

حکومتی دعوﺅں کے باوجود ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور17 اشیاءکی قیمتیں مزید بڑھ گئیں،ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دئیے،ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.80 فیصد اضافہ جبکہ سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح 4.64 فیصد سے بڑھ کر5.08 فیصد پر پہنچ گئی ہے،رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.74فیصد جبکہ گھی کی قیمتوں میں 0.91 فیصد اضافہ ہوا، چینی 2.19 فیصد، ٹماٹر 20.75 فیصد، چکن 22.47 فیصد، بیف 0.69 فیصد، سرسوں کا تیل 0.69 فیصد، ایل پی جی 0.18 فیصد اور جلانے والی لکڑی 0.95 فیصد مہنگی ہوئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق10 اشیاءکی قیمتوں میں کمی ہوئی اور24 اشیاءکی قیمتوں میں استحکام رہا۔اسی طرح دال چنا 0.78 فیصد، دال ماش 1.28 فیصد، پیاز 8.13 فیصد، آلو 2.38 فیصد، انڈے 0.30 فیصد، کیلا 0.68 فیصد اور ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں 0.15 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔اعدادوشمار کے مطابق 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح0.76فیصد اضافے کے ساتھ5.22فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.82 فیصداضافے کے ساتھ4.98 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح0.81 فیصداضافے کے ساتھ 5.09فیصد رہی ہے۔ خیال رہے اس سے قبل ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایاگیا تھا کہ ملک بھر میں مہنگائی کی شرح 4.9 فیصد پر آ گئی تھی۔سبزیوں و دیگر اشیاءکے نرخ کم نہ ہوسکے تھے۔نومبر 2024 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 4.9 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی تھی۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2024 میں مہنگائی 7.2 فیصد پر تھی جبکہ نومبر 2024 میں شہری علاقوں میں مہنگائی 5.2 فیصد اور دیہی علاقوں میں 4.3 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نومبر 2024 کے دوران ماہانہ بنیاد پر سی پی آئی میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اکتوبر میں 1.2 فیصد اور نومبر 2023 میں 2.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ نومبر کے دوران مہنگائی میں معمولی 0.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس کی وجہ مختلف اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔

مزیدخبریں