بات چیت کیلئے تیار،افغان حکومت خوارج کیخلاف ٹھوس حکمت عملی بنائے، دو عملی قبول نہیں: وزیراعظم

Dec 28, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ  اپنی سرزمین سے خوارج  کی کارروائیاں روکے۔ ایک طر ف  تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار جبکہ  دوسری طرف خوارج کو کھلی چھٹی  اور افغانستان سے پاکستان پر حملے، یہ دو عملی قبول نہیں۔ ہم پاکستان کی سالمیت کے تقاضوں کا پوری طرح دفاع کریں گے۔ جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ اور برادر ملک ہے جس کے ساتھ ہماری ہزاروں کلومیٹر لمبی سرحد  ہے۔ اس کے ساتھ تعلقا ت بہتر بنانا، معاشی تعاون، تجارت کا فروغ اور تعاون کو وسعت دینا ہماری خواہش ہے لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ خوارج آج بھی وہاں سے آپریٹ کررہی ہے اور پاکستان میں ہمارے بے گناہ لوگوں کو شہید کررہی ہے، یہ پالیسی نہیں چل سکتی۔ افغان حکومت کو ایک سے زائد مرتبہ اچھے تعلقات قائم کرنے کا پیغام دیا ہے لیکن خوارج کا ناطقہ مکمل طور پر بند کرنا ہو گا، انہیں کسی صورت پاکستان کے بے گناہ عوام کو شہید کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے ، یہ ہمارے لئے  ریڈ لائن ہے۔ اگر ٹی ٹی پی بدستور افغان سرزمین سے آپریٹ کرے گی تو یہ ہمارے لئے کسی صورت قابل قبول نہیں، پاکستان کی سالمیت کے تقاضوں کا ہم پوری طرح دفاع کریں گے۔ انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے ٹھوس حکمت عملی تیار کرے۔ ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں لیکن اگر ایک طرف ہمیں تعلقات بڑھانے کا پیغام ملے اور دوسری طرف خوارج کو کھلی چھٹی ہوتو یہ دو عملی قابل قبول نہیں۔ اس موقع پر  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق وزیراعظم  بے نظیر بھٹو کو ان کی 17ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ و ہ ایک  دلیر رہنما  اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، سیاست میں مفاہمت پر یقین رکھتی تھیں، انہوں نے نواز شریف کے ساتھ میثاق جمہوریت کیا جس کی سب سیاسی جماعتوں نے پذیرائی کی، ملک  اور جمہوریت کیلئے ان کی بے پناہ خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور صدر مملکت اور بے نظیر بھٹو شہید کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری  اور ان کی بہنوں سے ہمدردی  اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو پارا چنار میں این ڈی ایم اے کے ذریعے ہیلی کاپٹرز بھجوا کر ادویات کی فراہمی  سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا  کہ ایک  ٹن ادویات پارا چنار بھجوائی گئی ہیں اور وہاں سے زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بہتر علاج معالجے کیلئے اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے  افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل ایک واقعہ میں ایف سی کے 16جوان شہید ہوئے جبکہ شمالی وزیرستان میں ہونے والے ایک معرکہ میں کئی خوارج کو جہنم واصل کیا گیاہے، اس معرکہ میں ایک میجر اور جوان شہید بھی ہوئے۔ وزیراعظم نے کابینہ کو آذربائیجان کے صدر کے ساتھ اپنی  گزشتہ روز ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ  آذربائیجان کے طیارے کے بدقسمت حادثے میں 38انسانی جانوں کے ضیا ع پر آذربائیجان کے صدر سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر پاکستان کے عوام سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، آئندہ چند ماہ کے دوران آذربائیجان کے ساتھ ہمارے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آئی سی سی کے ایونٹس کا انعقاد ہونے جارہے جو کرکٹ شائقین کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے، اس کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔ ان میچز سے پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آئیں گی۔ وزیراعظم نے کابینہ کو اے ڈی آر کے حوالے سے مثبت پیشرفت کے بارے میں بتایا اور نائب وزیراعظم، وزیر خزانہ اور سٹیٹ بنک کے گورنر کے کردار کو سراہا جنہوں نے بنکوں کے ساتھ معاملہ  طے کرنے کیلئے بہت محنت سے کام کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ قومی خزانے کو اس کاوش سے 70ارب روپے موصول ہوں گے اور آئندہ تین سالوں میں 140ارب روپے کے لگ بھگ رقم خزانے میں آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا بنکوں نے ساڑھے 22فیصد پالیسی ریٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بے پناہ منافع کمایا اور ٹی بلز پر انویسٹ کرتے رہے، ایسے میں ملک میں صنعتیں نہیں لگ سکتی تھیں۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ کے سدباب کے حوالے سے اجلاس میں انسانی سمگلرز کو ایک ہفتہ کے اندر گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف نے وبائی امراض کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کے صحت کے نظام نے پائیداری کا ثبوت دیا ہے۔ طبی عملے کی انتھک محنت، لگن سے ہزاروں زندگیاں بچائی جا رہی ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گھریلو صارفین کو گیس سپلائی میں کمی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے،سسٹم کی ساخت میں اصلاحات لائی جائیں تاکہ اس  مسئلے کو مستقل طور پر حل کیا جاسکے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں ملک میں گیس کی سپلائی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ 

مزیدخبریں