بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنا حکومت کی شکست کا اعتراف ہے ،سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان آمرانہ اقدام پر اُترآئے ہیں: ترجمان بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نوازکھوکھر نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ احتساب نہیں انتقام ہو رہا ہے۔ایک بیان میں مصطفی نوازکھوکھرنے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنا تحریک انصاف کی حکومت کی شکست کا اعتراف ہے۔ترجمان بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بیرون ملک جانے پر پابندی ون یونٹ کے الزام کی تائید ہے، اگر وزیر اعلی کا نام ای سی ایل میں آ سکتا ہے تو وزیر اعظم کا کیوں نہیں؟۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کرپشن کے الزامات کی نیب تحقیقات کر رہا ہے، جن وفاقی وزرا کے خلاف کرپشن کے الزامات ہیں ان کے نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالے جا رہے؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے سے لگتا ہے کہ عمران خان کو گھر جانے کی جلدی ہے، خان صاحب ضیاالحق کا ادھورا خواب پورا کرنے کے لیے آمرانہ اقدام پر اترا آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آمر استاد ایوب خان اور ضیاالحق پی پی کو ختم کرنے کی حسرت دل میں لیے چلے گئے،سیلیکٹڈ وزیراعظم زندہ آمر مشرف کا ہی حال دیکھ کر سبق حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب اداروں کے پیچھے چھپ کر وار کر رہے ہیں، ان میں ہمت ہے تو کھل کر سامنے آئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ماضی میں بھی سرخرو ہوئے ہیں اور یہ جنگ بھی پاکستان پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔