صوبے کو 2014 میں پولیو فری کرنے کا پختہ عزم کیا ہوا ہے: سلمان رفیق
لاہور (نیوز رپورٹر) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صوبہ میں بچوں اور بڑوںکے اعضاء کی پیوندکاری کے لیے ادارے قائم کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں چلڈرن ہسپتال اور شیخ زائد ہسپتال میں پراجیکٹس کے لیے حکومت فنڈز فراہم کرے گی۔ پولیو کا خاتمہ ہماری قومی و بین الاقوامی ذمہ داری ہے اور حکومت نے صوبے کو 2014میں پولیو فری کرنے کا پختہ عزم کیا ہوا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چلڈرن ہسپتال کے 10ویں سمپوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود، وائس چانسلر یو ایچ ایس ڈاکٹر محمد اسلم، ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال کے علاوہ انسٹی ٹیوٹ کے دیگر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔