امریکہ اور اتحادی پاکستان میں نظام تعلیم سیکولر بنانے کیلئے کثیر سرمایہ خرچ کر رہے ہیں: حافظ سعید
امریکہ اور اتحادی پاکستان میں نظام تعلیم سیکولر بنانے کیلئے کثیر سرمایہ خرچ کر رہے ہیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے میدانوں میں شکست کے بعد تعلیمی اداروں کو خصوصی ہدف بنا رکھا ہے۔ پاکستان میں نظام تعلیم کو سیکولر بنانے کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ اور امداد دی جا رہی ہے۔ بچوں کو سکولوں میں جنسی تعلیم دینا انتہائی شرمناک اقدام ہے۔ نصاب تعلیم کو سیکولر بنانے کیلئے ماضی میں کبھی ایسی کوششیں نہیں ہوئیں جیسی اب کی جارہی ہیں۔ اساتذہ کرام، تعلیمی ماہرین اور مذہبی و سیاسی جماعتیں دنیائے کفر کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے آگے بڑھیں۔ تعلیم کے میدان کو بھی دنیائے کفر کیلئے کھلا نہیں چھوڑیں گے۔ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع اور طالبات جماعة الدعوة کے تربیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور ان کے اتحادیوں کے مذموم منصوبوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پاکستان ہے۔ وہ اس کا چہرہ اور منظر تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اس کیلئے تعلیمی اداروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادی اس بات کا بہت زیادہ خطرہ محسوس کر رہے ہیں کہ پاکستان ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ افغانستان کے بارے میں بنائے گئے اتحادیوں کے سب منصوبے ناکام ہو چکے ہیں۔ اب وہ پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں یہ بات اچھی طرح سمجھ آچکی ہے کہ وہ ٹیکنالوجی اور وسائل کے بل بوتے پر مسلمانوں کے خلاف کامیابیاں حاصل نہیں کر سکتے اسلئے اب انہوں نے تعلیمی میدان کو جنگ کیلئے منتخب کیا ہے اور اس کے ذریعہ مسلمانوں کو زیر کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے انشاءاللہ کفار کی سازشوں کا توڑ اسی میدان میں کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اللہ تعالیٰ نے بہت بڑی نعمت کے طور پر مسلمانوں کو دیا لیکن ہم نے اس ملک کو لاالہ الااللہ کا ملک نہیں بنایا۔ اگر مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بنا تو اس کی بنیاد ہندو بنئے سے دوستی اور اس کے ساتھ مل جل کر رہنے کا پروگرام تشکیل دینا تھا۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اتحادی افغانستان میں اپنی اس شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتے ہیں اسی لئے اسے خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔
حافظ سعید