کراچی : عزیز بلوچ گروپ کے پانچ افراد بیدردی سے قتل‘ گھر پر بم حملہ‘ بچی جاں بحق
کراچی : عزیز بلوچ گروپ کے پانچ افراد بیدردی سے قتل‘ گھر پر بم حملہ‘ بچی جاں بحق
کراچی (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) کراچی میں جمعہ کو خونریزی کے واقعات میں ایک بچی سمیت 7افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی میں ریکسر پل کے قریب 5 افراد کو تشددکے بعد گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد ان کی نعشیں پھینک دی گئیں، نعشوں پر تشدد کے بھی کئی نشانات تھے۔ مقتولین کی عمریں17 سے28 سال کے درمیان ہیں جن کی شناخت 19سالہ گلزار احمد ولد منظور بلوچ، 22سالہ شہزاد ولد علی بلوچ، 26 سالہ سجاد ولد داد محمد بلوچ، 17سالہ رضوان ولد عبدالرزاق سندھی اور 17سالہ عامر ولد کریم بخش بلوچ کے نام سے کی گئی۔ تمام افراد پاک کالونی ہی کے رہائشی تھے اور ان کا تعلق لیاری گینگ وار کے عزیر جان گروپ سے ہے، تمام افراد کے خلاف لیاری کے مختلف تھانوں میں 10 سے 12 مقدمات درج ہیں۔ پاک کالونی تھانہ کے ایس ایچ او بلال رضا نے بی بی سی کو بتایا کہ مرنیوالے افراد ایک مقامی فیکٹری پر قبضہ کرکے وہاں رہ رہے تھے آج صبح بابا لاڈلہ گروپ کے افراد نے دھاوا بول کر انہیں اغواءکیا اور بعدازاں تشدد کرکے قتل کر دیا۔ دریں اثناءمقتولین کی نعشیںسول ہسپتال لائی گئیں تو کثیر تعداد میں لوگ جمع ہوگئے جنہوں نے کوریج کرنے پر میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ ہسپتال کے عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس کی وجہ سے ہسپتال کی انتظامیہ نے پولیس کو طلب کرلیا۔ ادھرکراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 میں خالد بن ولید روڈ پر ایک گھر پر حملے کے نتیجے میں ایک بچی عظمیٰ جاں بحق ہوگئی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تھانہ فیروز آباد کے ایس ایچ او صفدر شاہوانی نے بتایا کہ یہ بنگلہ ارشد نامی شخص کا ہے جو بیرون ملک ہے اور گھر میں چوکیدار عبداللہ اور اسکے بچے رہتے ہیں جو گذشتہ روز صحن میں کھیل رہے تھے بم کی زد میں اسکی بیٹی عظمیٰ آ گئی۔ علاوہ ازیں ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی پر بم حملے کا مبینہ ملزم قدرت اللہ دوران علاج جناح ہسپتال میںدم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق قدرت اللہ شفیق تنولی پر حملے میں زخمی ہو گیا تھا۔ اس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے بتایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں پرانا گولیمار کا رہائشی 29سالہ دلاور ولد رحیم گل سول ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔علاوہ ازیں مائی کلوچی روڈ سے 25 سالہ نوجوان کی پھندا لگی نعش ملی، ماڑی پور میں نالہ سٹاپ کے قریب 30 سالہ شخص کو تشدد کرکے قتل کر دیا گیا۔
کراچی