رقص میں ہے سارا جہاں
حافظ محمد عمران
ہم یہ سمجھتے تھے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کھلاڑی صرف پاکستانی کرکٹرز کے حواس پر ہی چھائے ہوئے ہیں لیکن سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد احساس ہوا کہ میڈیا والے بھی جنوبی افریقہ کی گردان کے بعد ذہنی طورپر کمزور ہوچکے ہیں۔ ایک چینل نے ٹکر چلاتے ہوئے سری لنکا کی ون ڈے ٹیم کے کپتان کے نام سے چلنے والے ٹکر کو ” کپتان جنوبی افریقہ “ لکھ ڈالا۔ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں با آسانی فتح حاصل کی ہے۔برادرم سہیل عمران کو اس عرصہ میں دو گہرے صدمات برداشت کرنا پڑے ہیں۔ ایک تو یہ کہ سری لنکا ٹیم میں ڈیل سٹین کی عدم موجودگی، دوسرا جنوبی افریقہ میں میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز ہی میں بھارتی بلے بازوں کی عمد ہ کارکردگی، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ سری لنکا اکیلے باﺅلر مالنگا کے ساتھ کھیل رہا ہے اور لیسھ مالنگا کو بھی خوب مار پڑ رہی ہے۔باقی باﺅلرز کی حالت قابل رحم ہے۔گیند سوئنگ بھی نہیں ہورہا پچز بھی بیٹنگ فرینڈلی ہیں اور ان تمام حالات کا فائدہ حفیظ نے بھرپور انداز میں اٹھایااور سال بھر میں جلد آﺅٹ ہونے کی کسر نکال دی کلینڈر ائیر میں ہزار سکور مکمل کیے ، چار میچوں میں تین سنچریاں اور چار سو سے زائد رنز بھی بناڈالے۔ ناقد ین کی بھی حوصلہ افزائی کی۔ اس کارکردگی کا صلہ انہیں ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کی صورت میں ملا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو ہی چیزیں قابل ذکر اور موضوع بحث ہیں۔ ایک حفیظ کی کارکردگی اور دوسرا کرکٹ بورڈ کے عارضی سربراہ نجم سیٹھی کا رقص، ٹیم کی کامیابیوں پر مسرور نجم سیٹھی سٹیڈیم میں ہی تھرتھرانے لگے۔ سابق کپتان محمد یوسف نے بورڈ چیئر مین کی اس حرکت پر بڑا دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔یوسف کہتے ہیں کہ ٹیم کی فتح کی خوشی میں کرسی بچتی نظر آئی ہے۔ یوں چیئر مین نہیں وہ کرسی ناچتی ہے ۔بہرحال چڑیا کی چہچہاہٹ دیدنی تھی ماہرین کرکٹ نے بھی نجم سیٹھی کے اس اندازِ جشن پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ہمیں اڑتی اڑتی یہ خبر بھی ملی ہے کہ سٹیج ڈانسرز نے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے نام احتجاجی خط بھی لکھنے کا منصوبہ بنایا ہے کہ وہ نجم سیٹھی کو آئندہ ایسے کاموں سے باز رکھیں۔ بورڈ چیئر مین کا ”ناچ“ دیکھ کر ہمیں اپنی روزی روٹی کی فکر لگ گئی ہے۔سیٹھی صاحب اپنے شعبے میں ہی رہیں۔ ہمارے روزگار کے پیچھے نہ پڑیں۔
نجم سیٹھی کا ڈانس دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ جب ٹیم ہارتی ہوگی تو وہ غصے کا اظہار بھی والہانہ انداز میں کرتے ہوں گے، کبھی غصے میں گلاس توڑ ڈالا یا پھر میز پر مکا دے مارا اور دونوں چیزوں کا نقصان کرلیا نجم سیٹھی اور حفیظ دونوں ہی ڈیل سٹین کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھا کر جشن منا رہے ہیں اور تنقید ی توپخانوں پر بھی بجلیاں گر ارہے ہیں شاید وہ یہ بھول رہے ہیں کہ کبھی کے دن بڑے کبھی کی راتیں۔