احسن اقبال نے مشرف کو بیرون ملک بھجوانے کی پیشکش کی، احمد رضا قصوری آج تک ملاقات نہیں کی، وفاقی وزیر
لاہور (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے وفاقی وزیر احسن اقبال نے وفد کے ہمراہ پرویز مشرف سے ملاقات کی اور انکو دبئی یا لندن جانے کی پیشکش کی۔ ایک ٹی وی پروگرام میں احمد رضا قصوری نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے احسن اقبال اور دیگر حکومتی نمائندوں نے پرویز مشرف کی رہائشگاہ پر گیٹ نمبر 3 سے داخل ہوتے ہوئے پرویز مشرف سے ملاقات کی اور انہیں پیشکش کی آپ ملک سے باہر چلے جائیں ہم آپ کو مکمل رعایت دیں گے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملاقات کے حوالے سے بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں حلف دینے کیلئے تیار ہوں میں نے کبھی پرویز مشرف سے ملاقات نہیں کی، میرے فرشتوں کو بھی پتہ نہیں کون پرویز مشرف سے ملا، میں تو وہ واحد شخص ہوں جس نے پرویز مشرف کو نااہل قرار دینے کیلئے الیکش کمشن میں درخواست دی۔