پاکستان کے ساتھ نیوکلیئر تعاون پر دنیا کے تحفظات بے بنیاد ہیں : چینی سفیر
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان چین نیوکلیئر تعاون پر دنیا کے تحفظات بے بنیاد ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پاک چین تعاون انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے فریم ورک کے مطابق ہے۔ نیوکلیئر تعاون کا مقصد پاکستان کے توانائی بحران پر قابو پانا ہے۔ نیوکلیئر تعاون پاکستان کی معیشت کو سہارا دیگا۔ پاک چین تعاون کے ثمرات 5 سے 7سال تک سامنے آئیں گے۔ چین دنیا بھر سے تجارت کیلئے گوادر پورٹ کو ترجیح دیگا۔ انہوں نے کہا کہ سول نیوکلیئر توانائی پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے ناگزیر ہے، چین تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایٹمی شعبے میں پاکستان کے ساتھ چین کے تعاون کا مقصد پاکستان کا توانائی کا بحران حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس راہداری کی جلد تکمیل کیلئے موٹر ویز اور شاہراہ قراقرم کی تعمیر اور دوسرے بنیادی ڈھانچے کی ترقی بہت اہم ہے۔ انکا کہنا تھا کہ گوادر بین الاقوامی تجارت کیلئے آسان اور سستا ذریعہ ہے۔