پاکستان ‘ بھارت کا سرحد پر تجارتی سامان کی چیکنگ مزید سخت کرنے کا فیصلہ
لاہور (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسز کے درمیان ششماہی مذاکرات کے چوتھے روز غلطی سے سرحد پار کرنے والوں کی فوری اطلاع دینے اور غیرقانونی سرحد پار، منشیات کی سمگلنگ کیخلاف مشترکہ اقدامات اٹھانے سمیت 4 نکات پر اتفاق ہوگیا جبکہ واہگہ بارڈر پر تجارتی سامان کی چیکنگ بھی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مشترکہ اعلامیہ آج جاری کیا جائیگا۔ رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں میجر جنرل طاہر جاوید خان اور بی ایس ایف کے سبھاش جوشی کی سربراہی میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات میں بلااشتعال فائرنگ سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئے۔ سمگلنگ کیخلاف مشترکہ اقدامات اٹھانے اور معمولی تنازعات سیکٹر کمانڈرز کی سطح پر حل کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ واہگہ بارڈر پر تجارتی سامان کی چیکنگ مزید سخت کی جائیگی اور مشترکہ اعلامیہ آج جاری کیا جائیگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق دونوں ممالک کے قیدیوں کی تازہ فہرست کے تبادلے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاہم سرحدوں پر پریڈ میں نرمی لانے پر اتفاق نہ ہو سکا۔ معمولی تنازعات کو سیکٹر کمانڈز کی سطح پر نمٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔