جمعہ کے اجتماعات میں سکیورٹی کے سخت انتظامات نئے سال پر دہشت گردی کے خدشہ کے پیش نظر سرچ آپریشن، 38افراد گرفتار
لاہور (نامہ نگار) پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں نماز جمعہ کے اجتماعات اور مزاروں کی سکیورٹی کیلئے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے جبکہ پولیس نے بڑے شہروں میں چیکنگ کیلئے خصوصی ناکے بھی لگائے تھے۔ حساس اداروں نے پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دی تھی کہ دہشت گرد کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں جس پر صوبائی دارالحکومت لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں گزشتہ روز سکیورٹی ہائی الرٹ کی تھی۔ مساجد، امام بارگاہوں، نماز جمعہ کے اجتماعات اور مزاروں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ لاہور پولیس نے شہر بھر میں چیکنگ کیلئے 3 سو سے زائد مقامات پر لوہے کے بیریئر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے ناکے لگائے تھے۔