آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی او ریو ای ٹی لاہور کے درمیان معاہدہ
کراچی (نیوز رپورٹر)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اورالخوارزمی انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائینس (ککس)، یونیورسٹی آف اینجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یوای ٹی) لاہورکے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد دونوںاداروں کے درمیان سرطان و دیگر دائمی امراض سے متعلق جینومکس کے شعبے میں بالخصوص تعاون بڑھانا ہے۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور الخوارزمی انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائینس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹروقار محمود نے جمعرات (26 اگست) کوککس یوای ٹی لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔بین الاقوامی مرکز کے ترجمان کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں ادارے سرطان و دیگر دائمی امراض سے متعلق جینومکس کے شعبے میںحقیقی مشکلات کے حل کے لئے مشترکہ کوششیں کریںگے جبکہ ککس کی جانب سے کمپیوٹر سائینس سے متعلق تیکنیکی مہارت شیئر کی جائے گی جبکہ بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کی جانب سے حیاتیاتی معلومات شیئر کی جائیں گی جس میں تحقیقی تربیت اور تدریس دونوں شامل ہیں۔ مفاہمت کی یاد داشت کے مطابق اس معاہدے کی مدت ایک سال ہے جبکہ دونوں اداروں کی مرضی سے اس میں توسیع ممکن ہے۔
آئی سی سی بی ایس