واشنگٹن: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مودی نے آرٹیکل 370 ختم کر کے انتہائی اقدام اٹھایا۔ مودی اور آر ایس ایس نے اقلیتوں کے خلاف انتہا پسندی کو فروغ دیا۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے صرف پاکستان کی حمایت ہی کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدو جہد جاری رہے گی۔ پُر امن جدو جہد کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا۔ مسئلہ کشمیر پر ان ممالک میں کام کرنا ہے جہاں انسانی حقوق کی اہمیت ہے۔
فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کھل کر سامنے آچکی ہے۔ انسانی حقوق کے علم برداروں کے دروازے کھٹکھٹانے امریکا آیا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کے مقابلے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نجی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شروع کیا ہے ختم ہم کریں گے، کشمیر میں جو ہورہا ہے وہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔