عمران بتائیں‘مہنگائی‘ میعشت کی تباہی کیخلاف کس وقت‘ کہاں کھڑے ہونا ہے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے وزیراعظم سے چند سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب ذرا یہ بھی بتا دیں کہ جو لوگ دس فیصد مہنگائی سے تنگ ہیں، اْنہیں کس وقت اور کہاں کھڑے ہونا ہے؟ ملکی معیشت کی تباہی کے خلاف کس وقت کہاں کھڑے ہونا ہے؟ ایک سال میں 7600 ارب کے تاریخی قرض کے خلاف کس وقت کہاں کھڑے ہونا ہے؟۔ ملک کو آئی ایم میں گروی رکھنے کے خلاف کس وقت کہاں کھڑے ہونا ہے؟۔ ایک سال میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گْنا ہونے کے خلاف کس وقت کہاں کھڑے ہونا ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب ایک سال میں گیس 200 فیصد اور بجلی 35 فیصد مہنگی ہونے کے خلاف کس وقت کہاں کھڑے ہونا ہے ؟۔ ایک سال میں حکومتی اخراجات میں 1100 ارب کے اضافے کے خلاف کس وقت کہاں کھڑے ہونا ہے؟۔ پشاور میٹروکے ایک کھرب کے کھڈوں اور ایک ارب درختوں میں کھربوں کی کرپشن کے خلاف کس وقت کہاں کھڑے ہونا ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب گیس اور بجلی کے بلوں اور ادویات کی قیمتوں کھربوں کی کرپشن کے خلاف کس وقت کہاں کھڑے ہونا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر میں سے ایک بھی نوکری اور گھر نہ ملنے کے خلاف کس وقت کہاں کھڑے ہونا ہے؟۔