میرعلی (محمد رسول داوڑ) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان اعظم طارق نے نامعلوم مقام سے ٹیلیفون پر نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ سمیت تمام غیر ملکی نمائندوں کی سیلاب زدگان کی امداد کے نام پر پاکستان آمد ہرگز قابل قبول نہیں۔ امریکہ اور دیگر کافر ممالک کے نمائندے امداد کی آڑ میں درپردہ دوسرے مقاصد لے کرآئے ہیں۔ ان کی پاکستان میں موجودگی ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہے۔ اعظم طارق نے مزید کہا کہ آئندہ امریکی و دوسرے غیر مسلم ممالک کے لوگ سیلاب زدگان کی امداد کے بہانے پاکستان آئے تو وہ ہمارا نشانہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کو قابل مذمت قراردیتے ہوئے کہا کہ ڈرون سے معصوم اور بے گناہ قبائلیوں کا قتل عام قابل افسوس ہے۔ امریکہ ایک طرف سیلاب زدگان کی امداد کیلئے بھاری رقوم دیتے ہیں تو دوسری طرف قبائلی علاقوں میں معصوم بچوں اور خواتین پر میزائل برسا رہے ہیں۔ پاکستانی حکمران سیلاب زدگان کے نام پر بیرونی امداد وصول کر رہے ہیں درحقیقت حکمران ٹولہ لٹیرے بن کر اسے ہضم کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ ترجمان تحریک طالبان نے مزید کہا کہ امریکہ و دیگر غیرمسلم ممالک کے نمائندے پاکستان آ کر غریب مسلمانوں پر اپنی تہذیب حاوی کرنے اور انہیں اپنا ہمنوا بنانے کی ناکام کوششیں لے کر پہنچے ہیں۔
ترجمان تحریک طالبان
ترجمان تحریک طالبان