لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید اور ان کے شوہر عتیق کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کرلیا ہے۔صنم جاوید کو اینٹی ٹیررسٹ فورس (اے ٹی ایف) نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے مقدمے میں حراست میں لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق صنم جاوید پر سنگین الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں اور انہیں مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے صنم جاوید کے شوہر عتیق کو گرفتار کیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ عتیق کو عظمیٰ بخاری جعلی ویڈیو اسکینڈل کے مقدمے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق عتیق پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر جعلی مواد پھیلانے میں ملوث رہا ہے۔پولیس اور ایف آئی اے کے مشترکہ آپریشن کے دوران دونوں کو لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ سے گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق گرفتار شدگان سے مزید تفتیش جاری ہے اور کیسز میں ممکنہ دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔