لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ لاہور میں چائنا فلم فیسٹیول کا انعقاد پاکستان کی فلم انڈسٹری کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ چین کی پاکستان کے دیگر شعبوں کی طرح فلم انڈسٹری میں شراکت داری قابل تحسین ہے۔ پنجاب حکومت دیگر شعبوں کی طرح فلم انڈسٹری کو بھی ترقی کرتے دیکھنا چاہتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ چائنا فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر فلم اور کلچر کے میدان میں بڑے پیمانے پر کام کر سکتے ہیں اور یہ تعاون دونوں اقوام کو مزید قریب لائے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت فلم انڈسٹری کے احیاء کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور اس مقصد کے تحت ایک آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ شعبے کو فروغ دینے کے لیے خصوصی گرانٹس کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے لاہور اور بیجنگ میں نئے ٹیلنٹ، اداکاروں، پروڈیوسرز اور تکنیکی ماہرین کے لیے مشترکہ ورکشاپس کے انعقاد کی تجویز پیش کی، تاکہ دونوں ممالک کے فلمی شعبے میں تکنیکی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ دریں اثنا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گزشتہ روز سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی عیادت کی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔ اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے سندس فاؤنڈیشن کے تحت زیرعلاج ایک بچی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سے خصوصی طور پر سکوٹی کا تحفہ بھی پیش کیا، عظمیٰ بخاری نے اپنے خطاب میں سندس فاؤنڈیشن کو معروف صحافی منو بھائی کا عظیم کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منو بھائی نے نہ صرف صحافت کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے بڑھ چڑھ کر خون عطیہ کریں تاکہ ان معصوم جانوں کو نئی زندگی دی جا سکے۔
پنجاب میں فلم انڈسٹری کے احیاء کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی : عظمیٰ بخاری
Apr 28, 2025