راولپنڈی ( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) حضور نبی کریم ؐ کے میلاد پاک کے سلسلہ میں عظیم الشان محفل عظمت مصطفی ؐ کا انعقاد نئی آبادی لاہور کے مقام پر کیا گیا جس کی صدارت عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی پیر محمد حسان حسیب الرحمن تھے اور مفتی اعظم منیب الرحمن بھی خصوصی طور پر اس عظیم الشان محفل میلادِ مصطفی ؐ میں شریک ہوئے- محفل سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہمیں چاہیے ربِ رحمان کے حکم کو مانتے ہوئے آپس کی تمام نفرتیں بھلا کر ایک ہو جائیں،اسی میں امتِ اور وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی و بقا ہے۔ دین کی تمام تعلیمات قرآنِ کریم و احادیثِ مبارکہ کے ذریعے ہم تک پہنچی ہیں ۔ اس محفل میں کثیر تعداد میں علمائے کرام جن میں حاجی محمد سعید، شیخ شاہد ودیگر، نعت خوانانِ عظام حافظ غلام مصطفی قادری،حافظ محمد عامر و دیگر، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی ، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات و آبادکاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔
ربِ رحمان کا حکم مانتے ہوئے نفرتیں بھلا کر ایک ہو جائیں،پیر حسان حسیب الرحمن
Apr 28, 2025