لاہور ( خاور عباس سندھو) چینی قونصلیٹ لاہور نے چینی صدر شی جن پنگ کے 10 سال مکمل ہونے کے موقع پر لاہور میں 2 روزہ چینی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا ، جس میں 5 فلموں کا انتخاب پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔ 10 سال قبل چین نے پاکستان کی خوشحالی کے ضامن منصوبہ سی پیک کا سنگ بنیاد رکھا۔ جب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت تھی۔ صدر شی جن پنگ اسلام آباد کے دورے پر آئے اور پاکستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی بنیاد رکھی۔ قونصل جنرل ژاؤ شیریں کی جانب سے ایسے موقع پر چینی فلمی میلہ ثقافت کے رنگ بکھیرنے اور ثقافتی تبادلے کی ایک شاندار کاوش ہے۔ افتتاحی تقریب میں پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وزیر اعظم کے نمائندہ چین ظفر الدین ، فرحان عزیز خواجہ ، معروف اداکار غلام محی الدین سمیت سفارتی ، سرکاری ، شوبز اور میڈیا سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور روابط پیدا کرنے میں فلمیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ چینی قونصلیٹ جنرل کا یہ اقدام پاکستانی فلم سازوں میں چینی تہذیب کی بہتر تفہیم کیلئے اہم ثابت ہو گا۔ چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے کہا خوراک اور زبان کی طرح فلم اور سنیما کی یونیورسل زبان ایک منفرد طاقت اور مضبوط اپیل رکھتی ہے جو رکاوٹوں کو توڑنے اور دلوں کو ایک ساتھ جوڑ سکتی ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ کے 10 سال مکمل ہونے پر 2 روزہ فلم فیسٹیول
Apr 28, 2025