مڈگاسکر میں پیر کے روز پولیس نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک نہ لگانے والے شہریوں کو سزا کے طور پر فٹ پاتھ صاف کرنے پر مجبور کر دیا۔ قانون نافذ کرنے والی فورس کے مطابق مذکورہ افراد کو سڑک پر چلتے ہوئے پکڑا گیا تو ان کے چہروں پر ماسک نہیں تھے۔
ملک کے صدر آندرے راجولینا نے دارالحکومت انتاناناریوو اور دیگر دو شہروں ویانارانستوا اور تواماسینا میں لوگوں کو پابند کیا ہے کہ وہ کھلی ہوا میں نکلتے ہوئے چہروں پر ماسک لگائیں۔
حکام کے مطابق یہ نیا قاعدہ گذشتہ پیر 20 اپریل سے نافذ العمل ہے۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جو لوگ ماسک کے بغیر گھروں سے نکلیں گے انہیں شہری خدمات کی انجام دہی کی سزا ملے گی۔
انسدادِ کرونا آپریشن کے سربراہ جنرل ایلک آندریاکیا نے سرکاری ٹی وی پر بتایا کہ "سڑکوں پر 70 فی صد لوگ مذکورہ قاعدے کی پاسداری کر رہے ہیں کیوں کہ انہیں ڈر ہے کہ دوسری صورت میں وہ فٹ پاتھ کی صفائی پر مجبور ہو جائیں گے"۔
پولیس کے نائب سربراہ نے بتایا کہ دارالحکومت انتاناناریوو اور ویانارانستوا شہر میں پیر کے روز 500 کے قریب افراد کو مذکورہ سزا ملی۔
واضح رہے کہ مڈگاسکر میں اب تک کرونا وائرس کے 128 کیس سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے 75 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں اس وبائی مرض کے سبب ابھی تک کوئی شخص فوت نہیں ہوا۔