عوام زرداری اور نیازی کو نو دو گیارہ کر دیں گے، کے پی کے عوام نے موقع دیا تو پشاورکو لاہور بنا دیں گے: شہباز شریف
مردان: پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کا کام ہے دھرنا اور کام نہ کرنا جبکہ عمران خان کوجھوٹ بولنے اوردھرنا دینے کا بہت شوق ہے۔عمران خان وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن یہ صرف خواب رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پشاور شہر کو کھود کر رکھ دیاہے۔عمران خان لاہور میں تعمیر کی گئی میٹرو بس پرتنقید کرتے تھے اور اسے جنگلا بس کہتے تھے جبکہ خود پشاور میں میٹروبس منصوبہ شروع کردیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ایک ارب درخت لگانے کے بجائے جھوٹ بولنے میں ریکارڈ قائم کئے ۔خیبرپختونخوا میں ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہو سکتی تھی تاہم تحریک انصاف حکومت نے پانچ سال تک کچھ نہیں کیا ۔عمران خان عوام کو ڈینگی کے حوالے کر کے نتھیا گلی کے پہاڑوں پر چلے گئے ۔پشاورمیں پانچ سالوں کے دوران پی ٹی آئی نے ایک ہسپتال بھی نہیں بنایا جبکہ بی آر ٹی کی آڑ میں پشاورشہر کو کھود کر تباہ کر دیا ہے ۔پشاورمیں میٹرو دور دور تک بنتی نظر نہیں آرہی ۔نواز شریف پاکستان میں سی پیک لے کر آئے ہیں ۔2013ء میں بجلی جاتی تھی تو واپس
نہیں آتی تھی ۔ہم نے پانچ ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ۔خیبرپختونخوا کے عوام نے مسلم لیگ(ن)کو 2018ء کے الیکشن میں موقع دیا تو پشاورکو لاہور اور کے پی کے کو پنجاب بنا دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن)کے صوبائی صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام سمیت مسلم لیگی رہنماء اور عہدیدار بھی موجود تھے ۔ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات سے پہلے عمران خان اپنے آپ کو اصول والا کہتے تھے لیکن جب سینیٹ الیکشن ہوئے تو عمران خان وصول والے بن گئے ۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور نیازی اپنے آپ کو ایک اور ایک گیارہ کہتے ہیں تاہم 2018ء کے الیکشن میں عوام زرداری اور نیازی کو نو دو گیارہ کر دیں گے۔میاں شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے پانچ سالوں کے دوران پشاورمیں ایک ہسپتال بھی نہیں بنایا جبکہ بی آر ٹی کی آڑ میں پشاورشہر کو کھود کر تبا ہ کر دیا ہے ۔عمران خان نے کہا تھا کہ میں ایک ارب درخت لگاکر دنیا میں ریکارڈ قائم کریں گے لیکن ایک ارب درخت تو نہیں لگائے مگر جھوٹ بولنے کا ریکارڈ قائم کیا ۔مالم جبہ میں اپنے دوستوں کو زمینیں بانٹیں ۔خیبرپختونخوا میں ترقی اس لئے نہیں ہوئی کہ پیسہ لوگوں کی جیبوں میں گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہم بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 2013ء میں بجلی جاتی تھی تو واپس نہیں آتی تھی تاہم حکومت میں آنے کے بعد مسلم لیگ(ن)نے پانچ ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ۔2013ء کے بعد سی پیک نواز شریف لے کر آئے ۔عمران خان خیبرپختونخوا کو کھا کر کل لاہور جارہے ہیں تاہم لاہور میں ان کا استقبال لاہور کے عوام نہیں بلکہ مسلم لیگ(ن)کے کام کریں گے ۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے پنجاب انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے پچھلے پانچ سالوں میں یتیم بچوں ،بیوہ خواتین کو وظائف دیئے ۔آج ہزاروں بچے ڈاکٹر ،انجینئرز بن گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر 2018ء کے الیکشن میں خیبرپختونخوا کے عوام نے انہیں موقع دیا تو کے پی کے ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ بنائیں گے اور اگلے پانچ سالوں میں پانچ لاکھ بچوں اور بچیوں کو وظائف دیں گے یہاں پر بیروزگاروں کو روزگار دیں گے ۔یونیورسٹیاں بنائیں گے ۔ہر ڈویژن میں ایک ہسپتال اورایک یونیورسٹی بنے گی ۔خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں دانش سکول بنائیں گے ۔پانچ سالوں میں وہ تمام پروگرام جو ہم نے پنجاب میں کئے تھے یہ پروگرام خیبرپختونخوا میں لے کر آئیں گے ۔