شوکت خانم میموریل ٹرسٹ اوسلو ناروے میں بھی رجسٹر ہو گیا
لاہور (پ ر) شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کامیابیوں کا ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اب ناروے میں بھی رجسٹر ہو گیا۔ اس رجسٹریشن کے بعد ناروے میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کو ایک خیراتی ادارے کے طور پر قانونی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ فرینڈز آف شوکت خانم سکینڈینیویا کو برونیسونڈ رجسٹر سنٹر ناروے کی جانب سے یہ قانونی حیثیت دی گئی ہے۔ نارویجن قانون کے مطابق اس رجسٹریشن کے بعد ناروے سے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کو دئیے جانے والے عطیات کو ٹیکس کی مد میں چھوٹ حاصل ہو گی۔ گزشتہ دو دہائیوں سے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر نے دنیا بھر میں پاکستان کے سب سے زیادہ قابل اعتماد خیراتی ادارے کے طور پر اپنا نام بنایا ہے۔ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال لاہور اور پشاور میں 75فیصد سے زائد مستحق مریضوں کو علاج کی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔