بدعنوانی میں ملوث افراد کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے: ڈاکٹر مبشر منور
لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام قومی احتساب بیورو(نیب) کے اشتراک سے انسداد بدعنوانی کے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محمد ساجد، پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر منور مبشر خان، ڈائریکٹر نیب اے اینڈ پی ونگ حسنین، فیکلٹی ممبران اورطلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں محمد ساجد نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے طلبہ کو اپنے اردگرد مشکوک افراد پر نظر رکھنے اور ایسے افراد کے بارے میں نیب سے رابطہ کرنے ہدایت کی۔ ڈاکٹر مبشر منور خان نے کہا کہ بد عنوانی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ ہر سطح پر اس میں ملوث افراد کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے نوجوان طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ ملکی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے والے کرپٹ عناصر کے خلاف اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ ایس ایم حسنین نے نیب کے کام کرنے کے طریقوں پر تفصیلی گفتگو کی جس نے طلبہ کو اپنے مسائل بتانے کیلئے اعتماد دیا۔