جیل میں 7سال لمبا عرصہ ، ہم اور آپ ایک دن نہیں گزار سکتے: جسٹس آصف
اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ نے پولیس حراست میں ملزمان پر فائرنگ کرنے والوں کی سزا بڑھانے سے متعلق درخواست خارج کردی، جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ نے راشد اقبال نامی درخواست گزار کی درخواست پر سماعت کی تو وکیل اجمل خٹک نے موقف اختیار کیا کہ میرے موکل پر دوران حراست فائرنگ کی گئی جس سے وہ مفلوج ہوگیا ہے۔ استدعا ہے ملزمان کی سزا بڑھائی جائے۔ جسٹس آصف سعیدکھوسہ کاکہنا تھا کہ جیل میں سات سال بہت لمباعرصہ ہوتا ہے ہم اور آپ ایک دن بھی جیل میں نہیں گزار سکتے۔ جیل کا ایک دن بھی سال کے برابر ہوتا ہے۔ عدالت نے شواہد کا جائزہ لے کر قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔کیونکہ ہر عدالتی فیصلہ ایک مثال بن جاتا ہے۔ یاد رہے کہ راشد اقبال پر فائرنگ کے ملزمان ملزمان وقاص خان، یاسر خان کوٹرائل کورٹ سے سات سال سزا ہوئی تھی۔