حکومت نے ملکی ضروریات مدنظر رکھ کر عوام دوست بجٹ پیش کیا‘ مریم اورنگ زیب
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملکی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بجٹ بنایا ہے نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا ہے بجٹ میں غریب افراد کے لیے ریلیف دیا گیا ہے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بی آئی ایس پی ہیلتھ پروگرام کی توسیع کم آمدن افراد کو خصوصی ریلیف دیا گیا ہے تعلیمی ادارون میں طلباءکو بہترین سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں حکومت نے پہلی مرتبہ انسداد کینسر ادوایات کی درآمد پر ٹیکس ختم کیا ہے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج بھی پارلیمان میں پی ٹی آئی لیڈر موجود نہیں تھے عمران خان سینیٹ الیکشن کی طرح بجٹ سیشن میں بھی نہیں آئے بجٹ اجلاس میں عمران خان کی غیر حاضری سوالیہ نشان ہے۔ دریں اثناء شکرپڑیاں میں 3روزہ ثقافت ہماری پہچان یوتھ کلچر میلے سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرفارمرز نے مختلف طریقوں سے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا یہ میرے لئے خوشی کا مقام ہے ہم ایسا ملک ہیں جو عظیم اور قدیم ثقافت کے امین ہیں۔ ہم نے دہشت گردی کا ہمت اور بہادری سے مقابلہ کیا۔ ملک سے دہشت گردی کے بادل چھٹ رہے ہیں ہم وہ قوم ہیں جس نے اپنے بچوں کی شہادت سے دیئے جلائے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری ثقافت‘ قومی ورثہ اور تہذیب کو مزید فروغ مل رہا ہے یہ پاکستان کا اصل چہرہ ہے جو دنیا کے سامنے آرہا ہے۔ میں نے پاکستان کی فلم پالیسی پر کام کیا آج ملک میں فلمی صنعت بحال ہوچکی ہے۔ اپنی ثقافت اور زبان کو ترجیح دینی چاہئے۔ ادارے مضبوط ہونے سے ملکی وقار میں اضافہ ہوتا ہے پاکستانی قوم اس وقت عدم برداشت کے خلاف جنگ لڑرہی ہے۔
مریم اورنگزیب