میڈیکل سٹورز دوسرے روز بھی بند رہے‘ دوا نہ ملنے سے بچی جاں بحق
ملتان‘ لاہور (نمائندوں سے ) پنجاب بھر میں میڈیکل سٹورز فارمیسیز دوسرے روز بھی بند رہیں شہری ادویہ کے لئے خوار ہوتے رہے دوا نہ ملنے سے ہیضہ کا شکار بچی نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی۔ ماہڑھا شہر سے نامہ نگار کے مطابق موضع بھنڈہ مہربان کے رہائشی غریب کاشتکار رفیق احمد لسکانی کی 6 سالہ بیٹی گزشتہ روز ہیضہ کا شکا ر ہوئی فوری فرسٹ ایڈ کے لئے نزدیکی اتائیوں کی دکانیں بند تھیں جبکہ میڈیکل سٹور مالکان کی ہڑتال تھی چھ سالہ بچی زبیدہ کو والدین دوا کے حصول کے لیے مارے مارے پھرتے رہے مگر کہیں سے بھی ادویات نہ مل سکیں جس کے باعث چھ سالہ بچی زبیدہ نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی, بچی کے والدین نے اپنی بچی کی موت کا ذمہ دار محکمہ صحت کو قرار دیدیا انہوں نے کہا کہ حکومت نے اتائی ڈاکٹروں کے خلاف محکمانہ کاروائیاں کر کے انکے کلینک سیل کرکے غریبوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے نزدیک سرکاری ہسپتال نہ ہیں اگر حکومت اتائیت کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے تو سرکاری ہسپتالوں اور ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کا اضافہ کرے ۔مظفر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی اور شہر اور گردونواح کے تمام میڈیکل سٹورز بند ہونے کی وجہ سے شہریوں اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر سید امیر حسن کا کہنا تھا کہ ڈرگ ایکٹ 2017 جیسا کالا قانون قابل قبول نہیں، ڈرگ ایکٹ میں تبدیلی کر کے میڈیکل سٹورز مالکان کی تذلیل کی جا رہی ہے۔سید امیر حسن کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری اور ڈرگ ایکٹ 2017 میں ترمیم تک ہڑتال جاری رہے گی۔شاہ جمال سے نامہ نگار کے مطابق ڈرگ ایکٹ کے خلاف دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی مریض سارا دن ادویات کی خریداری کے لیئے مارے مارے پھرتے رہے تاہم اطلاعات کے مطابق میڈیکل سٹور چوری چھپے ادویات بیچتے رہے۔ جلالپور پیروالا سے نامہ نگارڈرگ ایکٹ میں ترمیم کے خلاف دوسرے روز بھی جلال پور اورنواحی علاقوںمیں شٹرڈائون ہڑتال رہی اور تمام میڈیکل سٹورز بند رہے۔ادویات نہ ملنے پر مریضوں کے لواحقین ادویات خریدنے کیلئے مارے مارے پھرتے رہے۔ قصبہ بصیرہ سے نامہ نگار کے مطابق ڈرگ ایسوسی ایشن بصیرہ کی دوسرے روز بھی شٹرڈاون ہرٹال جاری رہی۔ میڈیکل سٹور مالکان نے احتجاجی کیمپ لگایا۔ صدر ڈرگ ایسوسی ایشن بصیرہ ڈاکٹرابرار قریشی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ایکٹ کا کالا قانون ہمارے خاندانوں کا معاشی قاتل ہے حکومت 1976 والے ڈرگ ایکٹ کو بحال کرے۔ ڈاکٹر ابرار قریشی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو پنجاب بھر کی ڈرگ ایسوسی ایشن پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دے گی۔ کہروڑپکا سے خبرنگار کے مطابق دوسری طرف ڈرگ ایکٹ کے خلاف میڈیکل سٹورز مالکان اورکیمسٹ اینڈڈرگسٹ ایسوسی ایشن کہروڑپکا کی شٹر ڈائون ہڑتال بھی جاری رہی اور باالخصوص بچوں کے لئے ادویا ت میسر نہ آ سکیں اکثر لوگوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا رخ کیا جہاں پر انہیں موجود ادویا ت میں سے ترجیحاًادویا ت فراہم کی گئیں۔مریضوں اورسائلوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہڑتالوں کا یہ سلسلہ بند کرایا جائے۔جائزمطالبات مان کرہمیں اس عذاب سے چھٹکارا دلایا جائے ۔ گڑھا موڑ سے نامہ نگار کے مطابق تمام میڈیکل سٹورز بند رہے مریض خوار ہوتے رہے اس موقع پر گڑھا موڑ ڈرگ اینڈ کیمسٹ کے رہنما نسیم شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک میڈیکل سٹورز بند رہے گے حکومت پنجاب جلد کالے قوانین واپس لیں ورنہ ہڑتال دھرنے کی شکل میں تبدیل ہو جائے گی۔ کوٹ ادو سے خبرنگار کے مطابق کوٹ ادو شہر کے تمام میڈیکل سٹور بند رہے مریض ادویات کے حصول کیلئے مارے مارے پھرتے رہے ،جبکہ سرکاری ہسپتال میں مریضوں کا بے پناہ رش رہا،اس موقع پر کیمسٹ ایسوسی کے صدر نذیر احمد،شکیل کورئیہ ،عبدالحفیظ دلشاد ،طارق سعید، نیاز احمد،امیر احمدانی،فیض محمد،غلام اکبر چانڈیہ،نعیم جاوید، ڈاکٹر عبدالوہاب ، غلام عباس،ربنواز،مہر عبداللطیف ودیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مریضوں کے حال پر رحم کرے اور کیمسٹوں کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرے اور ڈرگ ایکٹ2017پر نظر ثانی کرکے ڈرگ ایکٹ 1976بحال کرے۔میلسی سے خبرنگار کے مطابق میڈیکل سٹو رز دوسرے روز بھی بند ہونے سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا کیمسٹ اینڈ ڈٖر گسٹ ایسوسی ایشن نے ریلو ے روڈ پر احتجا جی کیمپ لگایا ۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری کیمسٹ ایسوسی ایشن ملک جمشید احمد ، محمد اظہر ، میاں محبوب احمد سمیت دیگر نے کہا کہ مطالبات کی باقاعدہ منظور ی تک غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال جاری رہے گی ۔ ایسو سی ایشن کی اعلیٰ قیا دت سے کو ئی ہدایت جاری نہیں ہوئی ۔صرف ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ۔ دوسری طرف شہر یوں کا کہنا ہے کہ ادویا ت کی دستیابی نہ ہونے کی وجہ سے کئی مر یض شدت مرض میں مبتلا ہورہے ہیں ۔کرم پور ‘ محسن وال میں بھی ہڑتال رہی مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا دریں اثناء ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد عامر حنیف نے کہا کہ پنجاب ڈرگ ایکٹ میں تجاویز تسلیم نہیں کرتے، پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017 جی شیڈول کے تحت بلا وجہ لائسنس ہولڈرز کو سیل کرنا سراسر ظلم ہے جس پر شہر کے تمام میڈکل سٹوروں ،فارمیسیز دوسرے روز بھی بند ہیں، پنجاب ڈرگ ایکٹ کیخلاف ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب بھر میں میڈیکل سٹورز کی ہڑتال کا دوسرا دن زندگی بچانے والی ادویات نہ ملنے پر لواحقین پریشان تشویش ناک امراض میں مبتلا افراد کی زندگیوں کو خطرات لاحق، شوگر ،ہیپاٹائٹس،گردے کے امراض،کینسر سمیت دیگر موذی امراض میں مبتلا مریضوں کے لواحقین ادویات حاصل کرنے کے لیے مارے مارے پھر نے لگے، زندگی بچا نے والی ادویات نہ ملنے پر مریضوں کے لواحقین کے سٹورز مالکان اور پنجاب حکومت کو بد دعائیں دیں۔