پاکستان جونئیر ہاکی ٹیم روان برس شیڈول یوتھ اولمپکس سے باہر ہوگئی
بنکاک (اے پی پی) پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم رواں برس ارجنٹائن میں شیڈول یوتھ اولمپکس گیمز میں جگہ بنانے کی دوڑ سے باہر ہو گئی، تھائی لینڈ میں جاری ایشین کوالیفائرز ٹورنامنٹ کے تیسرے روز گرین شرٹس کو پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں 12-1 گولز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ 3-3 گولز سے برابر کھیلا جس کی وجہ سے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی، اسطرح پاکستانی جونیئر ٹیم یوتھ اولمپکس گیمز میں جگہ بنانے سے بھی محروم ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں جاری ایشین یوتھ اولمپکس گیمز کوالیفائرز ٹورنامنٹ کے تیسرے روز پاکستانی جونیئر ٹیم کو ملائیشیا جونیئر کے ہاتھوں 12-1 گولز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے بنگلہ دیش کے خلاف فتح درکار تھی لیکن گرین شرٹس اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ 3-3 گولز سے برابری پر ختم ہوا، اسطرح بنگلہ دیش نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، میچ برابر کھیلنے کے باعث گرین شرٹس سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی نہ کر سکی، اسطرح پاکستانی ٹیم ارجنٹائن میں شیڈول یوتھ اولمپکس گیمز سے بھی باہر ہو گئی۔ واضح رہے کہ ایشین کوالیفائرز ٹورنامنٹ میں ٹاپ دو ٹیموں کو یوتھ اولمپکس گیمز میں جگہ بنانے کا اعزاز ملے گا۔ ایشین یوتھ اولمپکس گیمز کوالیفائرز ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز (آج) ہفتہ کو کھیلے جائیں گے، جنوبی کوریا کا مقابلہ ملائیشیا اور بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا۔ تھائی لینڈ میں جاری ایونٹ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور چار بہترین ٹیموں جنوبی کوریا، ملائیشیا، بنگلہ دیش اور بھارت نے لاسٹ فور میں جگہ بنا رکھی ہے، پاکستانی ٹیم پانچ میں سے صرف دو میچز جیت سکی تھی جبکہ اس نے دو میچز ڈرا کئے اور ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تھی۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز آج ہفتہ کو کھیلے جائیں گے، کوریا کا مقابلہ ملائیشیا اور بھارت کا بنگلہ دیش سے ہو گا۔پانچویں سے آٹھویں پوزیشنز کے پلے آف میچز میں پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ اور جاپان کا مقابلہ چائنیزتائپے سے ہو گا، نویں پوزیشن کے میچ میں کمبوڈیا کا مقابلہ میزبان تھائی لینڈ سے ہو گا۔