حکومت کی توجہ بنیادی مسائل بجائے خود نمائی پر مرکوز ہے : جمشید اقبال چیمہ
لاہور ( پ ر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے خود نمائی والے منصوبوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، پنجاب حکومت نے آئندہ بجٹ میں بھی ایک خطیر رقم بلاک ایلوکیشن میں رکھنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے جو آمرانہ سوچ کی عکاس ہے، حکومت کا چالیس لاکھ ٹن گندم خریدنے کے اعلانات کسانوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے انتخابی منشور میں عوام سے جو بھی وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ تعلیم او رصحت حکومت کی ترجیحات میں ہی شامل نہیں ۔ پڑھو پنجاب اور بڑھو پنجاب کا نعرہ تو لگا دیا گیا ہے لیکن طلبہ و طالبات کو نئی کلاسوں میں پروموٹ ہوئے ایک ماہ گزر چکا ہے انہیں ابھی تک درسی کتب میسر نہیں آسکیں او رغریب والدین بازار سے کتابیں خریدنے پر مجبور ہیں۔پی ٹی آئی اقتدار میں آکر ملک میں امیر اور غریب کا فرق مٹانے کے لئے یکساں نصاب تعلیم رائج کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کسانوں سے گندم خریدنے کے لئے عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں کئے اور چالیس لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے اعلانات کسانوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں۔