کنٹونمنٹ بورڈز ،پنجاب کے 12 اضلاع کے سرکاری نتائج کا اعلان،لاہور میں تین امیدواروں کی دوبارہ گنتی کی درخواست
لاہور+ سیالکوٹ (خبرنگار+ نوائے وقت نیوز+ نامہ نگار) پنجاب کے 12 اضلاع کے 20 کنٹونمنٹ بورڈز کی 114 نشستوں پر کامیاب امیدواروں کے سرکاری نتائج اعلان کردیا گیا۔ الیکشن کمشن آج 28 اپریل کو کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کریگا۔ سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب سے مسلم لیگ (ن) نے 59، تحریک انصاف نے 24نشستیں حاصل کیں۔ جماعت اسلامی نے ایک نشست پرکامیابی حاصل کی۔ 26 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ 4 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔دوسری لاہور کنٹونمنٹس بورڈز کے انتخابات میں حصہ لینے والے تین امیدواروں نے دوبارہ گنتی اور مسترد شدہ ووٹوں کی ری چیکنگ کیلئے ریٹرننگ افسران کو درخواستیں جمع کرادیں۔ درخواست جمع کرانیوالوں میں لاہور کینٹ کے وارڈ نمبر 5 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میجر (ر) جاوید ضمیر بھی شامل ہیں۔ دوسری طرف سیالکوٹ کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ نمبر 4کے رزلٹ کی دوبارہ گنتی میں بھی مسلم لیگ (ن) کا امیدوار کامیاب نہ ہو سکا۔ لیگی امیدوار ملک محمد اشرف نے ریٹرننگ آفیسر علی عرفان رضوی کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جس پر ریٹرننگ آفیسر نے ملک محمد اشرف اور تحریک انصاف کے امیدوار احمد رضا کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کی جس کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد اشرف کے ووٹوں میں 5 ووٹوں کے اضافے کے بعد ووٹوں کی کل تعداد 435 ہو گئی جبکہ تحریک انصاف کے سید احمد رضا کی ووٹوں کی تعداد 444 ہی رہی۔ بعد ازاں سید احمد رضا کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔