بھارت سے دوستی چھوڑ کر عرب دنیا سے تجارتی روابط بڑھائے جائیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے یمن میں بغاوت سے سعودی عرب سمیت پورے عالم عرب کیلئے خطرات بڑھ رہے ہیں، صلیبی و یہودی مسلمانوں میں پھوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔ ہمیں اس ساری صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیکر سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے، مسلم امہ کو اپنی آنکھیں کھلی رکھنا ہوں گی۔ بھارت سے دوستی اور تجارت چھوڑیں اور چین کی طرح عرب دنیا سے تجارتی روابط بڑھائے جائیں۔ مسرت عالم بٹ پر بغاوت کا مقدمہ پورے پاکستان پر مقدمہ ہے۔ حکومت پاکستان کو اس مسئلہ پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ گزشتہ روز کارکنوںاور ذمہ داروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ سعودی عرب نے امریکہ سے مدد طلب نہیں کی بلکہ پاکستان سے تعاون مانگا ہے۔ یہ موقع تھا کہ پاکستانی حکمران ان کی توقعات پر پورا اترتے، عرب ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کرتے اور پاکستان بہت بڑی معاشی قوت بن کر کھڑا ہوتا۔ اس حوالہ سے کوئی امریکی دبائو قبول نہیں کیا جانا چاہیے۔ حکومت کوسعودی عرب کی مدد کا عملی ثبوت دینا چاہیے۔ مکہ اور مدینہ کی سرزمین سعودی عرب کا تحفظ ہر مسلمان اپنے ایمان کا حصہ سمجھتا ہے۔ صلیبیوں و یہودیوںکی سازشیں ناکام بنانے کیلئے مسلمان ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مسلمانوں کے روحانی مرکز کے گرد گھیرا تنگ کرنے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔ مسلم امہ کا ہر نوجوان سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے کٹ مرنے کو تیار ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آئے دن بھارتی فوج کے مظالم بڑھتے جارہے ہیں۔نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسائی جارہی ہیں اور مسرت عالم بٹ جیسے حریت قائدین پر بغاوت کے مقدمات بنائے جارہے ہیں لیکن بھارت سرکا رکو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ وہ طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا۔ کشمیری جلد انشاء اللہ آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے۔ علاوہ ازیں حافظ محمد سعید نے پشاور میں تباہ کن بارشوں سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں متاثرین کی مدد کرنا ہر مسلمان کا شرعی فریضہ ہے۔