خراب موسم، بارش: اسلام آباد جانیوالی 6 پروازوں کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا گیا
لاہور (خبر نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں خراب موسم کی وجہ سے بیرون اور اندرون ملک سے اسلام آباد جانے والی 6 پروازوں کو لاہور ائرپورٹ پر اتارا گیا۔ چندگھنٹے بعد موسم ٹھیک ہونے پر تمام پروازیں اسلام آباد چلی گئیں۔ اسلام آباد سے لاہور منتقل ہونے والی پروازوں میں دمام سے آنے والی شاہین ائرلائنز کی پرواز، کراچی سے آنے والی ائربلیو اور پی آئی اے کی پروازیں شامل تھیں۔ علاوہ ازیں کراچی سے لاہور آنے والی شاہین ائرلائنز کی پرواز پونے تین گھنٹوں کی تاخیر سے لاہور پہنچی اور ڈھائی گھنٹہ تاخیر سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز سوا تین گھنٹہ تاخیر سے لاہور پہنچی۔ آئی این پی کے مطابق جڑواں شہروں میں تیز ہوائوں اور شدید بارشوں سے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوگیا۔ شدید بارش کے باعث بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن روک دیا گیا۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق نجی ایئرلائن کی ایک اور پرواز کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ لاہور سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔ دمام سے آنے والی پی آئی اے کی ایک پرواز بھی لاہور اتار لی گئی۔